نئی دہلی۔۔۔۔پی این بی گھپلہ کے نیرو مودی نے بینک کے ہزاروں کروڑ کی رقم واپس کرنےسے دامن جھاڑتے ہوئے بینک کو ہی ذمہ دارقراردیدیا۔ذرائع کے مطابق نیرو مودی نے بینک کے نام خط ارسال کیا جس میں تحریرہے کہ پی این بی نے جلد بازی کا مظاہرہ کرکے معاملہ کومنظر عام پرلا کر اپنا ہی نقصان کیا ہے اور اب اس نے بھرپائی کے تمام راستے بند کر لئے ہیں۔ پی ٹی آئی کا دعوی ہے کہ اس کے پاس اس تحریر کی کاپی ہےجس خط میں نیرو نے کہا ہے کہ اس پر بینک کے واجبات 5000کروڑ سے کم ہیں۔خط میں نیرو نے تحریر کیا ہے کہ ’’بڑھا چڑھا کر بتائی گئی بقایا رقم سے میڈیا میں جو ہنگامہ برپا ہوا ہے اور اس کے بعد تلاشی اور چھاپے ماری کی جو کارروائی ہوئی ہے اس سے فائر اسٹار انٹرنیشنل اور فائر اسٹار ڈائمنڈ انٹرنیشنل کا کام کاج ٹھپ ہو گیا ہے۔ اپنے خاندان کے ساتھ ہندوستان چھوڑ کر جانے والے نیرو مودی نےمزید تحریر کیا کہ ان کارروائیوں سے گروپ کی کمپنیوں کو بینک کے واجبات واپس کرنا مشکل ہوگیا۔بینک کی جانب سے معاملہ منظر عام پر آنے سے میرا برانڈ برباد ہو گیا۔ اب چھاپے ماری اور ضبطی کی کارروائی نے واجبات کی ادائیگی کے تمام راستے بند کردیئے۔