Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دفاع اسلام کے مشن پر گامزن ہیں ، مولانا حیدری

پارلیمانی سیاست میں جمعیت کا کردار نہ ہوتا تو ملک کے مدارس اور دینی ادارے محفوظ نہ ہو تے ، قائمقام چیئرمین سینٹ کا تقریب سے خطاب
مکہ مکرمہ (محمد عامل عثمانی) قائم مقام چیئرمین سینیٹ اورجمعیت علما ئے اسلام مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے جمعیت علمائے اسلام، دفاع اسلام کے مقدس مشن پر کار فرما ہے جس کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ پارلیما نی سیاست میں جمعیت کا کردار نہ ہو تا تو آج ملک کے مدارس اور دینی ادارے محفوظ نہ ہوتے ۔ہمارے اکابرین نے ہمیشہ شائستگی کا درس دیا ہے کسی کی پگڑی اچھالنا جمعیت کا شیوہ نہیں ۔یہ بات انہوں نے شرائع مجاہدین میں شیخ محمود بلوشی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے کے موقع پر کارکنوں سے خطاب میں کہی۔اس موقع پر مولانا عبدالعزیز بزنجو ، مولانا مراد بخش الحسنی، مولانا عبدالقادر مینگل ،  در محمد ملازئی ، مفتی محمد طیب حیدری، میر فضل اللہ مینگل،  مولانا غلام رسول مینگل اور دیگر نے شرکت کی۔ مولانا حیدری نے کہا جمعیت علمائے  اسلام مقدس مشن پر کار فرما جماعت ہے ہمیں اس مشن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ آج جمعیت علمائے  اسلام پورے عالم اسلام میں ایک عظیم جماعت بن چکی ہے۔گزشتہ سال اپریل میں سہ روزہ عالمی اجتماع میں دنیا بھر سے لاکھوں افراد نے شرکت کرکے یہ پیغام دیا کہ جمعیت علمائے  اسلام عالم اسلام کے دلوں کی دھڑکن جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے عالم میں امن کے خواہاں ہیں جمعیت علمائے  اسلام پاکستان کی پارلیمنٹ میں روز اول سے دین اسلام کی تحفظ کیلئے کردار ادا کر رہی ہے۔مفکراسلام مفتی محمود نے پارلیمنٹ میں ختم نبوت کادفاع کرتے ہوئے قادیانیت فتنہ کو ہمیشہ کیلئے  کافر قرار دینے میں مجاہدانہ کر دار ادا کیا۔ ہمارے اکابرین نے ہمیںحجروں سے نکال کر کے دین اسلام کی خدمت کیلئے میدان کار زار میں نکالا، پارلیمنٹ میں بے دین قوتوں کے مقابلے میں جمعیت علمائے اسلام کے فورم سے دین اسلام کا دفاع کیا۔اگر پارلیمنٹ کی سیاست میں جمعیت علمائے  اسلام کا کردار نہ ہوتا تو آج ہمارے دینی مدارس مساجد اور دینی قلعے محفوظ نہ ہوتے آج مدارس مساجد محفوظ ہیں تو یہ جمعیت علمائے  اسلام کی برکت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اکابرین نے ہمیں  شائستہ طریقہ سے سیاست سکھائی ہے اور ہم اسی اصول کی پابندی کر تے رہینگے۔

شیئر: