کویت:فریزر سے ملنے والی خادمہ کا قاتل لبنان میں گرفتار
کویت: کویت میں فریزر سے ملنے والی فلپائنی خادمہ کا قاتل لبنان میں پکڑا گیا۔ فلپائنی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ لبنانی حکام نے فلپائنی خادمہ کے قتل میں ملوث دو افراد میں سے ایک کو گرفتار کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کویت کے حی السالمیہ میں واقع ایک اپارٹمنٹ کے ڈیپ فریزر میں فلپائنی خادمہ کی نعش برآمد ہوئی تھی۔ وہ ایک برس سے لاپتہ تھی۔ مقتولہ ایک شامی تارک وطن اور اس کی لبنانی بیوی کے ہاں ملازمہ تھی۔
مالی مقدموں میں ملوث شامی کویت سے ایک سال پہلے فرار ہوگیا تھا۔ فلپائنی وزیر خارجہ نے بتایا کہ لبنانی حکام نے نادر العساف کو گرفتار کیا ہے جس کے ہاں ایک سال پہلے فلپائنی خادمہ ملازمہ تھی۔ اس کی لبنانی بیوی ابھی تک مفرور ہے۔