کوالالمپور.... ملائیشیا کی 46 اسلامی انجمنوں نے واضح کیا ہے کہ حرمین شریفین کے انتظامات کا نگراں کوئی ادارہ ملائیشیا میں کسی بھی نام و عنوان سے کبھی قائم نہیں کیاگیا۔ اس کے برعکس سوشل میڈیا پر جو دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ملائیشیا میں حرمین شریفین کے سعودی انتظامات کی نگرانی کیلئے ایک عالمی ادارہ قائم کیاگیا ہے ۔سراسر غلط ہے ، جھوٹ ہے ، حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ ملائیشیا کی اسلامی انجمنوں کی تنظیم نے توجہ دلائی کہ بعض نیوز چینلز خصوصاً الجزیرہ نے مذکورہ ادارے کے قیام کے دعوے بڑھ چڑھ کر کئے ۔ ہمیں اس قسم کی رپورٹوں پر افسوس ہوا ۔ " خیر امہ" فاﺅنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر فتح الباری نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ حرمین شریفین کی انتظامیہ اور مقدس اسلامی مقامات کی خدمت کا اعزاز اللہ تعالیٰ نے سعودی عرب کو بخشا ہوا ہے ۔ ہمارا ادارہ مبینہ مشکوک تنظیم کا حصہ نہیں اور نہ ہو سکتا ہے۔ ہمیں اس کی بابت کہیں سے کوئی اطلاع نہیں ۔ یہ ادارہ فرضی ہے ، زمین پر اس کا کوئی وجود نہیں۔ ملائیشیا کے مفتی ڈاکٹر ذو الکفل ا لبکری نے بھی مذکورہ ادارے کی موجودگی کی تردید کی ہے۔ ملائیشیا کی وزارت حج ، بچت فنڈ ادارے اور ملائیشیا کے ادارہ حجاج نے بھی اس سے لاعلمی اور لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ ہر ایک کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ خیالی ہے ، ملائیشیا سے اس کا دور پرے کا کوئی تعلق نہیں۔