سبز رنگ تناؤ کی کیفیت کو ختم کرتا ہے
سبز رنگ منفی تاثر کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے . یہ رنگ سکون کی علامت ہے اور ذہنی آسودگی فراہم کرتا ہے . سبز رنگ زندگی ، قدرتی حسن اور توانائی سے بھرپور رنگ ہے جو نشونما ، ہم آہنگی ، تازگی اور تحفظ کا احساس فراہم کرتا ہے . روایتی طور پر اس رنگ کو پیسے ، جذبات ، جنون اور لالچ سے منسلک کیا جاتا ہے . انسانی آنکھ کے لئے سب سے زیادہ سکون فراہم کرنے والا رنگ سبزہی مانا جاتا ہے . یہ بصارت کو بہتر بنانے میں بھی مدد دیتا ہے . یہ رنگ امید کا رنگ ہے جو ذہنی اور جسمانی تھکن اور ذہنی دباؤ کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے . یہی وجہ ہے کہ سبزہ ، باغ اور گل و گلزار اگر آپ کے اردگرد موجود ہیں تو آپ وہ سکون محسوس کرتے ہیں جسکا اظہار الفاظ میں نہیں کیا جا سکتا . اسکے بر عکس بھڑکیلے رنگ جذبات میں اشتعال پیدا کرتے ہیں .. لہذا ذہنی آسودگی کے لئے روزانہ کچھ وقت کسی باغ یا سبزہ زار میں چہل قدمی ضرور کریں . گھر میں پودے لگائیں اور دن میں کچھ وقت ان کی دیکھ بھال کے لیے صرف کریں . اپنے اردگرد موجود اشیا میں سبز رنگ کا اضافہ کریں . یہ چیز یں آپ کے اندر ایک مثبت تاثر کو جنم دیں گی .