پی سی او کے تحت حلف سب سے بڑا جرم ہے،نواز شریف
لاہور..سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاستدان آسان ہدف ہیں ،آمروں کو کوئی نہیں پوچھتا ۔ملک میں آمریت نہیں لیکن پھر بھی اس دور جیسے فیصلے ہورہے ہیں ، یہ فیصلے نہیں مانتا۔ انہوں نے کہا کہ آمر ملک کے آئین کو توڑتے ہیں اور اس کی توثیق کی جاتی ہے۔ اس سے بڑا جرم کیا ہوگا۔ آئین کے ہوتے ہوئے پی سی او کے تحت آپ نے حلف لیا جو اس ملک میں سب سے بڑا جرم ہے۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عامہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخ کو قبر میں دفن نہیں کیا جاسکتا۔ 70 سال سے اس ملک میں منتخب وزیراعظم کو کام نہیں کرنے دیا جا رہا ۔ عوام کے ووٹ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے منتخب وزرائے اعظم کو ذلیل کرکے ہٹا دیا جاتا ہے۔ جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ آخر کب تک ایسا ہوتا رہے گا۔ ملک کیسے چلے گا؟ ۔انہوںنے کہا کہ 6 ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا لیکن اب تک میرے خلاف ایک ڈھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود منتخب وزیراعظم کو نااہل قرار دے کر کارِ مملکت چلانے کا حق چھین لیا گیا۔ پارٹی سربراہی سے بھی روک دیا گیا حالانکہ یہ کارکنان اور جماعت کے اراکین پارلیمنٹ کی صوابدید ہے کہ وہ کسے اپنا سربراہ منتخب کرتے ہیں۔ پارلیمنٹ کی قانون سازی کو مسترد کرتے ہوئے مجھے سربراہی کے حق سے بھی محروم کردیا گیا۔ ایسی صورت میں عدالتی فیصلوں پر رد عمل دے کر میں نے کیا غلط کیا ہے؟انہوںنے کہا آپ پی سی او کے تحت حلف لیتے رہو اور توقع کرتے ہو کہ ہم آپ کے فیصلوں کی تعظیم کرتے رہیں۔یہ فیصلے نہیں مانتا۔