گھر پر ہاٹ کمپریس کیسے بنائیں ؟
اگر کسی بھی قسم کے درد یا سوزش کے گھریلو علاج کی بات کی جائے تو ہاٹ کمپریس ایک نہایت ہی مؤثر طریقہ ہے . ہاٹ کمپریس سے ملنے والی گرمائش درد اور تکلیف کو دور کرکے جسم کو آرام پہنچاتی ہے . اس گرمائش کے نتیجے میں خون کی نالیاں پھیل جاتی ہیں اور خون کے لئے جسم کے تمام اعضاء تک صحت مند غذائی اجزاء پہنچانا ا ور زہریلے مواد کو وہاں سے باہر نکالنا آسان ہو جاتا ہے . ہاٹ کمپریس درد میں آرام پہنچانے ، خون کے بہاؤ کو تیز کرنے ، مسلز میں کھنچاؤ کو کم کرنے ، زخم کو بھرنے اور جلد اور آنکھوں کے بہت سے مسائل کو حل کرنے میں مدد دیتا ہے .
ہاٹ کمپریس کو با آسانی گھر پرتیار کیا جاسکتا ہے . نم کمپریس بنانے کے لیے کاٹن کا ایک کپڑا لے کر اسے گرم پانی کے پیالے میں ڈبو دیں . کچھ دیر ڈوبا رہنے کے بعد اسے نچوڑ لیں تاکہ اضافی پانی نکل جائے پھر اسے تہہ کر کے ایک پلاسٹک کے بیگ میں پیک کر لیں اور اس سے جسم کے متاثرہ حصے کی ٹکور کریں .
خشک ہیٹ کمپریس بنانے کے لیے ایک کپ نمک لے کر اچھی طرح گرم کر لیں . اس نمک کو ایک صاف کپڑے میں لپیٹ کر متاثرہ جگہ کی ٹکور کے لیے استعمال کریں . لیکن اگر آپ کی جلد خشک ہے تو خشک کمپریس کے بجائے نم کمپر یس کا استعمال کریں ۔
نمک کے علاوہ چاولوں کو بھی ہاٹ کمپریس بنانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے . کچے چاولوں کو ایک صاف موزے میں بھر کے موزے کا منہ اوپر سے بند کردیں . ا سے مائکروویو میں دو منٹ تک گرم کریں اور گردن اور کندھوں پر ٹکور کے لئے احتیاط سے استعمال کر یں . اس کے علاوہ آپ شیشے کی بوتل کو ابلتے ہوئے پانی سے بھر کر اور اس کے اوپر تولیہ لپیٹ کر بھی متاثرہ جگہ کے لیے ہاٹ کمپریس تیار کر سکتے ہیں .