کنٹرول لائن پر پھر جارحیت،معمر شہری جاں بحق
راولپنڈی ...کنٹرول لائن پر ہندوستانی فوج نے پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے۔ بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری سے ایک معمر شخص جاں بحق ہو گیا۔ذرائع کے مطابق ہندوستانی فوج نے جمعرات کی صبح نکیال، تتہ پانی اور بٹل سیکٹر میں اشتعال انگیزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ سرحدی علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ تعلیمی اداروں کو بھی بند کرادیا گیا۔پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کی۔ گزشتہ روز بھمبر سیکٹر میں ہندوستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے2 جوان شہید ہوگئے تھے۔جوابی کارروائی میں ہندوستانی فوج کی کئی چوکیوں کو نقصان پہنچا۔