کامن ویلتھ گیمز: 58 پاکستانی میڈلز کی دوڑ میں حصہ لیں گے
لاہور :کامن ویلتھ گیمز کےلئے قومی دستے کو حتمی شکل دے دی گئی۔ 58 کھلاڑی میڈلز کی دوڑ میں حصہ لیں گے۔ دستے میں 32 آفیشلز بھی شامل ہیں۔ 4 سال بعد ہونے والی کامن ویلتھ گیمز ٹھیک ایک ماہ کی دوری پر ہیں۔ اس عالمی ایونٹ میں پاکستان سے 90 رکنی دستہ حصہ لے گا۔ 58 کھلاڑیوں میں محض 10 خواتین ایتھلیٹس شامل ہیں۔ سب سے بڑی ٹیم ہاکی کی ہے، جس کی تعداد 24 ہے مگر میڈل کی دوڑ میں دور دور تک شامل نہیں۔ بیڈمنٹن میں 4کھلاڑی اور 2 آفیشلز، دوڑ کے مقابلوں میں 2 ایتھلیٹس اور ایک آفیشل، 6 رکنی باکسنگ ٹیم میں 4 کھلاڑی اور 2آفیشلز، 9 رکنی شوٹنگ ٹیم میں2آفیشلز 4 مرد اور 2 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔ 2 مرد اور 2 خواتین اور 2 ہی آفیشلز پر مشتمل 6 رکنی دستہ ا سکواش کے محاذ پر ہنرآزمائے گا۔ 3 رکنی سوئمنگ ٹیم ایک آفیشل کے ہمراہ جبکہ 4 رکنی ٹیم، 2 آفیشلز کے ہمراہ ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں شرکت کرے گی۔ 7 کھلاڑی اور 2 آفیشلز ویٹ لفٹنگ ٹیم میں شامل ہیں۔ 6 پہلوان اور 2 آفیشلز ریسلنگ ٹیم میں زور آزمائیں گے۔کامن ویلتھ گیمز میں شمولیت کےلئے کھلاڑیوں کی آسٹریلیا روانگی 27 مارچ سے شروع ہوگی۔ کامن ویلتھ گیمز 4 اپریل سے آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں شیڈول ہیں۔