علاقائی تعاون مضبوط بنانے کیلئے کردار ادا کر ینگے،شاہد خاقان
اسلام آباد... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ پاکستان علاقائی تعاون کومزید مضبوط بنانے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ کھٹمنڈو میں سارک کے سیکرٹری جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں محفوظ اورپرامن ماحول علاقائی معیشت کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے۔ پاکستان سارک کو انتہائی اہمیت دیتا ہے او ر وہ اس کے اصولوں اورمقاصد کے لئے پرعزم ہے۔ بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان نے تنظیم کے اہداف کے حصول کی کوششوں میں اہم کردا ر ادا کیا ہے۔ سارک میں رکن ملکوں کی معیشتوں کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے صلاحیت ہے ۔ نیپالی میڈیا کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں جمہوریت اور سیاسی استحکام کی بدولت پاکستان کی اقتصادی شرح نمو میں اضافہ ہواہے۔انہوں نے کہا کہ ایک خطہ ایک سڑک منصوبے میں شمولیت سے نیپال میں خوشحالی کے نئے دور کا آغازہوگا۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں کے بارے میں انہو ںنے بتایا کہ کراچی سمیت ملک کے تمام شہروں میں امن بحال ہوگیا ۔