ننھی چڑیا بڑے پرندے کو کھلانے کیلئے اس کے سر پر سوار ہو گئی
ایسکس - - - - یہاں جاری مقابلہ فوٹو گرافی میں ایک دلچسپ تصویر نے پہلا انعام حاصل کر لیا ہے جو دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے ۔ تصویر میں ایک ننھی چڑیا ایک بڑے پرندے کے سر پر بیٹھی اسے کچھ چیز کھلاتی نظر آرہی ہے اور یہ بڑا پرندہ کوئلوں سے ملتا جلتا نظر آتا ہے ۔ انعام یافتہ تصویر ایلن لگز نامی فوٹو گرافر نے ایسکس وائلڈ لائف پارک میں اتاری تھی ۔ اس موقع کی ویڈیو بھی جاری ہو گئی ہے جو ان پرندوں کے جذبہ بقائے باہمی کا ثبوت ہے اور اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ پرندے بھی ’’گھر آئے مہمانوں ‘‘کی خاطر مدارات میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے اور جس سے جتنا بن پاتا ہے وہ ضرور مدارات کرتا ہے ۔ 60سالہ فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ اس نے بے شمار پرندوں کی تصویریں اتاری ہیں جن سے ان کے رہن سہن طور طریقے اور عادات و اطوار کا پتہ چلتا ہے مگر یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں کوئی پرندہ اپنے بن بلائے مہمان کی خاطر داری کیلئے اس کے سر پر سوار ہونے میں بھی کوئی عار نہیں سمجھا ۔ فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ وہ کئی دنوں سے ان دونوں پرندوں کی آوازیں اپنے خیمے میں بیٹھتا سنتا رہتا تھا ۔ آخر ایک دن دونوں پرندے اسے نظر آہی گئے اور وہ بھی اس طرح کہ چھوٹی چڑیا بڑے پرندے کے سر پر سوار ہو کر مہمان نوازی کر رہی تھی ۔