ادارے یا تنظیمیں شخصیتوں کے محتاج نہیں ہوتے، سید جمال اللہ قادری
جدہ ( امین انصاری ) اردو اکیڈمی جدہ کا جائزہ اجلاس صدر اردو اکیڈمی سید جمال اللہ قادری کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نائب صدر شیخ ابراہیم، معتمد سلیم فاروقی ، خالد حسین مدنی ، حافظ عبدالسلام ، اسلم افغانی ، عبدالحق ہاشم ، عبدالسمیع فاروقی ، محمد لیاقت علی خان ، محمد منور خان ، محمد یوسف ، محمد ارشد ، عبدالسمیع مکرم قادری اور دیگر احباب نے شرکت کرکے اپنے تاثرات کا اظہار کیا ۔ اراکین نے کہا کہ اکیڈمی کا مولانا آزاد کی یوم پیدائش پر منعقدہ " یوم قومی تعلیم "پروگرام 2017 انتہائی کامیاب اور معلوماتی رہا۔ صدر جمال اللہ قادری ناسازی صحت کی بنا پر وطن عزیز میں تھے اسلئے شرکت نہ کرسکے ۔ اراکین نے انہیں اور اجلاس کو پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔اراکین نے بتایا کہ انگریزی اور اردو میں طلباء کے تقریری مقابلوں کو لوگوں نے بے حد پسند کیا ۔ بیت بازی اور تمثیلی مشاعرہ کو یادگار تصور کیا گیا اسے غیر معمولی داد سے نواز اگیا۔ محترم قونصل جنرل ہند نور رحمان شیخ نے بھی اسکو بہت پسند کیااور کہاکہ اس طرح کے تمثیلی مشاعرے ہماری تہذیب اور تمدن کو قائم رکھنے میں کلیدی رول ادا کرتے ہیں۔ اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ الحمدللہ ڈسپلن اور پابندی وقت اردو اکیڈمی کا وتیرہ رہا ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے پروگرام کامیاب اور بہتر انداز میں ہوتے ہیں جس کے لئے تمام اراکین قابل ستائش ہیں ۔ اراکین نے اردو کو فروغ دینے اور اس کی ترویج میں اپنی جدوجہد میں شدت پیدا کرنے کا عزم کیا اور کہا کہ اردو نہ مری تھی اور نہ مرے گی ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اردو کو پروان چڑھانے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں ۔ صدر محترم سید جمال اللہ قادری نے اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارے یا تنظیمیں شخصیتوں کے محتاج نہیں ہوتے ۔وقتی طور پر کمی ضرور محسوس ہوتی ہے لیکن الحمدللہ کام کرنے والے احباب اس کمی کو پورا کردیتے ہیں ۔ انہوں نے تمام اراکین اور عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا اور انکی غیر موجودگی میں بہترین کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر صدر نے حیدرآباد دکن میں اکیڈمی کی جانب سے کی جانے والی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ آصف صمدانی اور دیگر اراکین نے ملکر35 اسکولز میں 2000 سے زائد اسکولی بیگ طلباء میں تقسیم کئے ۔انگلش میڈیم اسکولز میں اردو کو لازمی قرار دلوانے میں نہ صرف جدوجہد کی بلکہ اردو ٹیچر کے تقرر میں رہنمائی کرتے ہوئے اسے رائج کروایا ۔ سلیم فاروقی نے بھی اپنے ایام تعطیلات میں حیدرآباد میں اسکولوں کا سروے کیا اور اردو مدارس کی فہرست تیار کروائی اور طلباء میں کتابیں ، جیومیٹری باکس اور اسکولی بیگزکی تقسیم کرکے اردو سے اپنی محبت کا ثبوت دیا ۔ صدر نے کہا کہ اردو اکیڈمی کے ایک ایک ممبر اپنی ذات میں انجمن ہیں اور جہاں سچی لگن اور اخلاص شامل ہو کامیابی خود بہ خود قدم چومتی ہے کیونکہ خدمت خلق سچے دل سے کی جائے تو اللہ کی نصرت ہمارے ساتھ ہوجاتی ہے ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یوں ہی اردو اکیڈمی روز بروز ترقی کے منازل طے کرتی رہے گی ۔معتمد سلیم فاروقی نے تمام احباب کا فرداً فردا ً شکریہ ادا کیا ۔