نئی دہلی .... کانگریس نے کہا ہے کہ وہ آئندہ لوک سبھا الیکشن2019ءمیں ہم خیال جماعتوں کیساتھ تعاون کرکے مودی حکومت کو شکست دیگی۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بجائے بیلٹ پیپر استعمال کرنے کی روایت دوبارہ قائم کی جائے۔ پارٹی نے یہ بھی عندیہ دیا کہ وہ غیر این ڈی اے جماعتوں اور ماضی میں اپنی مخالف جماعتوں کیساتھ مل کربھی کام کرنے کو تیار ہے۔ اتحاد قائم کرنے کیلئے وہ لچکدار رویہ اختیار کریگی۔کانگریس کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بی جے پی سے نمٹنے کے لئے ہر طرح کی کوششیں کرنے کو تیار ہے۔ کانگریس کے پلینری سیشن میں جو قرارداد منظور کی گئی ہے اس کے مطابق مطالبہ کیا گیا کہ الیکٹرانک مشینوں کا استعمال قبول نہیں کیا جائیگا کیونکہ سیاسی جماعتوں میں اس مشین کے بارے میں شکوک و شبہات ہیں۔ اس مطالبے سے بھی پتہ چلتا ہے کہ کانگریس ان مشینوں کیخلاف آواز اٹھانے والی جماعتوں کیساتھ تعاون کرنا چاہتی ہے۔