جدہ ..... قانون نافذ کرنے والے ادارے کے کارکنوں نے1206 جعلی دستاویزات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ المدینہ اخبار کے مطابق جعلی دستاویزات تیار کرنے والے 5ہندوستانی کارکنو ں کے قبضے سے جعلی اقامے، ڈرائیونگ لائسنس، یمنیوں کے عارضی اقامے برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان کے بارے میں پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کندرہ کے علاقے میں انہوں نے جعلسازی کا اڈہ قائم کیا ہوا ہے۔ اطلاع ملنے پر خفیہ پولیس کے اہلکاروں نے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کیلئے انکی نگرانی شروع کی جب گروہ کے تمام ارکان فلیٹ میں موجود تھے توخفیہ پولیس کے اہلکاروں نے علاقے کے تھانے سے رابطہ کرکے فورس طلب کی اور جعلسازی کے اڈے پر چھاپہ مارا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی ملزمان نے جعلی ڈیجیٹل اقامے تیار کرنے کیلئے باقاعدہ سسٹم نصب کیا ہوا تھا۔ جس کے ذریعے ملزمان مطلوبہ شخص کا اقامہ تیار کرکے اسے پرنٹ کرنے کے بعد لیمنیشن بھی کیا کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ ، کمپیوٹر مخصوص پرنٹر اور لیمنیشن مشینیں برآمد ہوئیں۔ ملزمان کے اڈے سے برآمد ہونے والے988سادے اقامہ کارڈ اور 88تیار شدہ اقامے ، 17ڈرائیونگ لائسنس ، 8ہیلتھ کارڈ، 11یمنیوں کے اقامے اور 83 پرنٹ آرڈرز برآمد ہوئے۔ ملزمان نے کندرہ میں اپنا اڈہ قائم کیا ہوا تھا جبکہ انکے ایجنٹ مختلف شہروں میں کام کرتے تھے۔ ملزمان کے خلاف جعلسازی کا مقدمہ درج کرکے انہیں تحقیقاتی ادارے کے سپرد کردیا گیا۔