Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او پی ایف نے تارکین کی بہبودکےلئے متعدد منصوبے جاری کئے ہیں ، نجیب اللہ خان

جدہ ..... پاکستان قومی یکجہتی فورم کے زیراہتمام یوم پاکستان کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس کی صدارت انجینیئرز ویلفیئر فورم کے صدر انجینیئر ڈاکٹر عبدالعلیم خان نے کی جبکہ مہمان خصوصی پاکستان قونصلیٹ جدہ کے ویلفیئراتاشی نجیب اللہ خان تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض پاکستان قومی یکجہتی فورم کے کنوینر سید ریاض حسین بخاری نے ادا کئے۔صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری انجینیئر محمد آصف کی تلاوت قران پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ قومی ترانے کے بعد پاکستانی اسکول العزیزیہ کے طالب علم احمد زبیر نے نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ فورم کے کنوینرریاض بخاری نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب میں پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں۔ مہمان خصوصی نجیب اللہ نے اپنے خطاب میں یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے23مارچ کو تاریخی اور قومی اہمیت کا دن قرار دیا۔ انھوں نے قو نصلیٹ اور اوورسیز پاکستانیوں کی وزارت کی خدمات بیان کرتے ہوئے کہا تارکین وطن کے بچوں کےلئے تعلیمی وظائف، بینکوں سے رقوم کی ترسیل پر حکومت پاکستان کی طرف سے فوائد کی اسکیمیں، معاہدے کے دوران وفات پانے والے کارکن کی فیملی کےلئے معاوضہ ، ڈیڈ باڈی کی مفت ترسیل کے علاوہ دیگر امور پر روشنی ڈالی ۔انھوں کہا کہ مزید تفصیلات کےلئے او پی ایف کی ویب سائٹ پر وزٹ کیا جا سکتا ہے ۔ نجیب اللہ نے تقریب میں مدعو کرنے پر ریاض بخاری کا شکریہ بھی ادا کیا۔ڈاکٹر انجینیئرعبدالعلیم نے اپنے صدارتی خطاب میں قائد اعظم، علامہ اقبال اور سر سید احمد خان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کےلئے قائد اعظم نے انگریزوں اور ہندوﺅں پر واضح کردیا تھا کہ مسلمان اور ہندو2 علیحدہ قوم ہےں اور وہ ایک ساتھ مل کر کبھی نہیں رہ سکتیں۔ انھوں نے ایٹمی سائنسدان سمر مبارک مند کی تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب انھوں نے پنجاب کے ایک شہر کے نزدیک کھدائی کی تو بے شمار قیمتی دھات اور معدنیات کے ذخائر پائے گئے۔اسی طرح دوسرے شہروں کے مضافاتی علاقوں میں بھی قدرتی وسائل کے بیش بہا خزانے موجود ہیںجنہیں بروئے کار لاکر ملک کو عظیم بنایا جاسکتا ہے۔تقریب میں پاکستان ویلفیئر سوسائیٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹرعبید امجد نے حفظان صحت کے اصولوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ زمرد خاں سیفی نے قومی دن کے حولے سے نظم پیش کی۔ تقریب سے پی ٹی آئی کے عقیل آرائیں، جے یو آئی کے انجینیئر عبدالصبور اورمعروف صحافی سید مسرت خلیل نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

شیئر: