ماسکو میں فٹبال فار فرینڈ شپ کیلئے پاکستانی کھلاڑی
لاہور: روس نے فٹبال کی بحالی کےلئے رواں برس ماسکو میں شیڈول پروگرام فٹبال فار فرینڈ شپ میں پاکستان کو شامل کر لیا۔ پاکستان میں فٹبال کی 3 سال کی معطلی کے بعد ملکی اور انٹرنیشنل سرگرمیاں تیزی سے بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے 3 لاکھ ڈالر کی خصوصی منظوری دینے کے بعد ایشیائی سطح کے تمام ایونٹس بھی پاکستان میں جاری کر دیئے ہیں۔ادھر چین کی فٹبال فیڈریشن کے ساتھ سمجھوتہ بھی طے پایا ہے جس کے مطابق چین کی فٹبال فیڈریشن پاکستان میں کھیل کی بہتری کے لیے یوتھ ایکسچینج، ڈویلپمنٹ، کوچ اور ریفری ایجوکیشن سمیت ہر طرح کی معاونت فراہم کرے گی،اب روس نے بھی پاکستان میں فٹبال کی بحالی کےلئے دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔فیفا ورلڈ کپ سے قبل 8سے 15جون تک ماسکومیں فٹبال فار فرینڈشپ پروگرام میں پاکستان کے علاوہ یورپ، ایشیا، افریقہ، ساوتھ اور نارتھ امریکہ و دیگر 211ملکوں کے فٹبالرز حصہ لیں گے۔2فٹبالرپاکستان کی نمائندگی کریں گے۔کھلاڑیوں کے انتخاب کےلئے 60 سے زیادہ کھلاڑیوں کے درمیان پریکٹس میچز کروائے گئے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور فٹبال فار فرینڈ شپ کے پاکستان میں نمائندے فہد خان کے مطابق کھیل میں مہارت اور خود اعتمادی پر پورا اترنے والے 2کھلاڑیوں کو صلاحیت کے اظہار کا موقع دیا جائے گا۔