پیوریا ، ایلینوائے.... کہتے ہیں کہ سالگرہ بچوں کی ہو یا جوانوں کی یا بوڑھوں کی بڑی حساس قسم کی تقریب ہے۔ اس لئے لوگ اس میں غیر ضروری طور پر حد سے زیادہ جذباتی بھی ہوجاتے ہیں۔ایسا ہی کچھ یہاں ایک دادی اماں کی سالگرہ کے موقع پر دیکھنے میں آیا۔ جس میں دادی اماں کسی بات پر ناراض ہوئیں اور فوری طور پر مہمانوں کے درمیان دو گروپ بن گئے اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گروپ آپس میں برسر پیکار ہوگئے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ پولیس بلانا پڑی اور اس نے بڑی مشکل سے ان لوگوں پر قابو پایا۔ جو ایک دوسرے پر مکے ، لات اور کرسی سے حملے کررہے تھے اوردوسرے مہمان اپنی جان بچانے کیلئے ادھر ادھر چھپ رہے تھے۔ تقریب کا اہتمام کیرنز جونز نامی شخص نے کیا تھا جو اس بڑی بی کا پوتا ہے۔ اسکا کہناہے کہ جن لوگوں نے مارپیٹ کی وہ شاید اسی مقصد کیلئے آئے تھے۔ دو افراد زخمی ہوکر اسپتال پہنچ چکے ہیں جبکہ کچھ مہمان چوٹ کھاکر خاموشی سے اپنے گھر چلے گئے ہیں۔ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ بڑی بی کی عمر کتنی ہے اور جس ریستوران میں یہ تقریب ہورہی تھی اس کے مالکان نے بڑی بی کے پوتے سے ہونے والے نقصان کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔