اہلکاروں میں فنی مہارت بڑھانے کےلئے فرضی مشقیں کی جاتی ہیں، ترجمان شہری دفاع کرنل سعید سرحان
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) شہر ی دفاع کی جانب سے پاور پلانٹ میں فرضی آگ بجھانے کی مشق کی گئی ۔ مشق میں 3 افراد کو زخمی ظاہر کر تے ہوئے انہیں ہنگامی امداد بھی مہیا کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق شہر ی دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے بتایا کہ فائر فائٹرز کو مستعد رکھنے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلئے وقتا فوقتا مشقیں کرائی جاتی ہیں ۔ اس حوالے سے الشعیبہ میںبجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹ میں فرضی آتشزدگی کے دوران فائر فائٹنگ اور ہنگامی امداد کی مشقیں کی گئی جس میںبحرہ ریجن کے شہری دفاع کے یونٹس نے حصہ لیا ۔ کنٹرول روم میں فرضی آگ لگنے کی اطلاع سے لیکر آگ پر قابو پانے اور فرضی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی تمام کارروائی حقیقی اندازمیں کی گئی ۔ کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ بجلی پیداکرنے والے پاور پلانٹ انتہائی حساس نوعیت کے ہوتے ہیں جن میں آگ لگنے کی صورت میں اس پر کس طرح قابو پایا جاسکتا ہے کے حوالے سے اہلکاروں کو عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔ فرضی آتشزدگی کی کارروائی میں متعدد یونٹس نے حصہ لیا جن میں اسنارکل، اضافی واٹر ٹینکرز کے علاوہ ہلال الاحمر ، امور صحت کے ادارے اور پولیس اہلکاروں نے بھی شرکت کی ۔