ہانگ کانگ.... ہانگ کانگ کے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ میتھی دانہ کولیسٹرول اور خون میں چکنائی کی مقدار (ٹریگلیسرائڈز)کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے جبکہ اس میں پائے جانے والے فائبر اور اینٹی آوکسیڈنٹ جسم سے زہریلے مادوں کو خارج کرتے ہیں۔ سٹی یونیورسٹی آف ہانگ کانگ کے ماہرین کی حالیہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ میتھی دانہ اور اس کی سبزی کے پتے جسم میں موجود کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں بہت مفید ہیں میتھی کولیسٹرول اور ٹریگلیسرائڈز کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔ٹریگلیسرائڈز خون میں پایا جانے والا ایسا فیٹ (چربی) ہے جس کی مقدار بڑھ جانا دل کی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ ماہرین کے مطابق میتھی دانہ انسداد سوزش مرکبات پر مشتمل ہے جوجلد کی مختلف بیماریوں جیسے داد ر، جلنے کے نشانات، کیل مہاسے اور جھریوںکو ختم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ میتھی دانہ نظام انہضام کی بہتری ، قبض کا عارضہ رفع کرنے سمیت آنتوں کی سوزش کو ختم کرنے میں بھی معاون ہے۔ میتھی فائبر اور اینٹی آوکسیڈنٹ سے بھرپورہے جو جسم سے زہریلے مادوں کو خارج کرتا ہے۔