Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ہمارا تشخص ہے، اس کی حفاظت سب کی ذمہ داری ہے، قیصر خان

     طائف (ابو علی بڈانی) پاکستان انٹرنیشنل اسکول طائف میں یوم پاکستان کی تقریب منعقد کی گئی جسکا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ پرنسپل قیصر خان نے کہا کہ آج کے دن ہم سب مخلص ہوکر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کو عظیم اور خوشحال ملک بناسکتے ہیں۔ پاکستان ہمارا تشخص ہے اور اس تشخص کا تحفظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس دن کو مناتے ہوئے ہمیں اسلاف کی قربانیوں کو ضرور خراج عقیدت پیش کرنا چاہئے۔ ہم یوم پاکستان ہر سال نہایت آن بان سے مناتے ہیں اور اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ نظریہ پاکستان کے تحفظ اور ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے مگر 24مارچ کا سورج طلوع ہوتے ہی ہم اپنے ذاتی اغراض کی ایسی بھول بھلیوں میں جابستے ہیں جہاں ماحول کے ساتھ ہمارا ذہن ہی نہیں بلکہ آزادی کا نصب العین ہی بدل جاتا ہے۔ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ تو سبھی جانتے ہیں اگر صحیح معنوں میںاسکا مطلب پوچھنا چاہتے ہو تو پوچھو ان ماؤں سے جن کے سامنے ان کے معصوم بچوں کو نیزوں کی نوکوں پر لٹکا دیا گیا اگر پاکستان کا مطلب پوچھنا چاہتے ہو تو پوچھو ان بچوں سے جن کے سامنے ان پر یتیمی کا لبادہ اوڑھا دیا گیا اگر پاکستان کا مطلب پوچھنا چاہتے ہو تو پوچھو ان تاجروں سے جو کوڑیوں کے بھائو اپنا مال فروخت کرآئے۔اگر پاکستان کا مطلب پوچھنا چاہتے ہوں تو پوچھو ان بھائیوں سے جن کے سامنے ان کی مائوں اور بہنوں کے سروں سے چادریں نوچ لی گئیں۔   ہم نے آزادی اسلئے حاصل نہیں کی تھی کہ اپنی ضرورتوںاور خواہشات کے غلام بن جائیں۔ جھوٹ کو  اپنی عادت ، بے راہ روی کو اپنا پیشہ اور ریا کاری کو اپنی شنا خت بنالیں۔ ہمارے بزرگوں نے آزادی اسلئے حاصل کی تھی کہ مملکت پاکستان کو ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بناکر اہل دنیا کے سامنے ایک ایسی مثالی مملکت کا نمونہ پیش کریں جس میں عدل و انصاف، اخوت و مساوات، امانت، دیانت ، خدا ترسی و  خوفی اور انسانی ہمدردی کا دور دورہ ہو۔ آئیے  مل کر اس عہد کی تجدید کر یں کہ ہم نظریہ پاکستان اور ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ تقریب کا اختتام دعا پر ہوا ۔ بعدازاں شرکا ء نے مل کر کیک کاٹا۔
مزید پڑھیں:- - - - -سفارتخانے کے تحت یوم پاکستان کی تقریب،گورنر ریاض بھی شریک

شیئر: