ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو کلین سویپ کردیا
کراچی: ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں8وکٹوں سے فتح سمیٹتے ہوئے پاکستان نے ویسٹ انڈیزکو کلین سویپ کردیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے6وکٹوں کے نقصان پر 153رنز بنا ئے ، پاکستان نے مطلوبہ ہدف16.5اوور میں 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ فخر زمان کو مین ا ٓ ف دی میچ جبکہ بابراعظم کو سیریزکا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کپتان جیسن محمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور سیریز میں پہلی مرتبہ پر اعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ اگرچہ پہلی وکٹ 2رنز پر گر گئی تھی لیکن مارلن سیموئلز اور آندرے فلیچر نے دوسری اننگز کی شراکت میں 72رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا دیا۔سیموئلز نے2،2چھکوں اور چوکوں کی مدد سے 31رنز بنائے۔ فلیچر نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 43گیندوں پر3چھکوں اور4چوکوں کی مدد سے52بنانے میں کامیاب رہے وہ تیز رن لینے کی کوشش میں محمد نواز کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آوٹ ہوگئے ۔ وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش رامدین نے اننگز کے آخری مرحلے میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 18گیندوں پر3چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 42رنز بنا کر مجموعی اسکور 153رنز تک پہنچا دیا ۔ رامدین نے آخری اوور میںعثمان شنواری کی آخری 2گیندوں پر چھکے لگا ئے ۔شاداب خان نے 2اور محمد نواز ، عثمان شنواری اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ لی جبکہ ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی بدقستمی سے کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور بابر اعظم نے پاکستان کو 5.2اوورز میں61رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم فخر زمان حسب معمول نصف سنچری کے قریب پہنچ کر وکٹ گنوا بیٹھے ۔ انہوں نے 17گیندوں پر2چھکوں اور4چوکوں کی مدد سے40رنز بنائے ۔ بابر اعظم مسلسل دوسری نصف سنچری بنا کر اوڈین اسمتھ کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں باونڈری پر کیچ ہو گئے۔ انہوں نے 40گیندوں پر51رنز اسکور کئے جس میں6چوکے شامل تھے۔حسین طلعت اور آصف علی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 41رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ حسین طلعت نے17اوور کی پانچویں گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو ہدف تک پہنچایا ۔ طلعت نے 31اور آصف نے25 رنز بنا ئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ریاض امرت اور اوڈین اسمتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔