آنکھیں جسم کا نور ہیں اور چہرے کی ترجمانی کرتی ہیں یہ چہرے کا سب سے متاثر کن اور نازک حصہ ہیں جو چہرے کی خوبصورتی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں . آنکھیں قدرت کا وہ انمول تحفہ ہیں جن کے بغیر ساری دنیا اندھیر ہے لہذا آنکھوں کی بینائی کا خیال رکھنے کی اشد ضرورت ہے ۔ وٹامن آنکھوں کی بینائی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ اور ان کی کمی آنکھوں میں درد ، سوجن اور آنکھوں سے پانی بہنے کا باعث بنتی ہے لہذا آنکھوں کی صحت کے لئے وٹامن اے ، بی اور ڈی کا استعمال ناگزیر ہے . وٹامنز کی کمی کو پورا کرنے کے لیئے گاجر ، پالک ، سلاد ، ہرے پتے والی سبزیاں اور اورنج جوس کا بکثرت استعمال بہترین ذریعہ ہے ۔
آنکھوں کی حفاظت کے لیے انہیں دھوپ اور موسمی اثرات سے بچانا بھی بے حد ضروری ہے . نیند کی کمی اورکام کی زیادتی بھی آنکھوں کو متاثر کرتی ہے لہذا آنکھوں کی حفاظت کے لئے بھرپور نیند لیں اور کام کے دوران تھکن محسوس ہو تو وقفے وقفے سے ٹھنڈے پانی کے چھینٹے ماریں ۔ آنکھوں کو گرمی اور دھوپ سے بچانے اور ٹھنڈک پہنچانے کے لیے کھیرا بہترین ٹانک کا کام کرتا ہے . کھیرے کے قتلے بنا کر تقریباً دس منٹ کے لئے اپنی آنکھوں پر رکھیں اور پھر ہٹانے کے بعد آنکھوں پر ٹھنڈے پانی کے چھینٹے ماریں تو آنکھوں کو ٹھنڈک اور تازگی کا احساس ملتا ہے ۔ زیادہ روشنی کے سامنے بیٹھ کر کام کرنا یاکم روشنی میں لکھنا پڑھنا بھی آنکھوں کو نقصان پہنچاتا ہے لہذا کام کے دوران روشنی کی صحیح مقدار کا تعین کرنا ضروری ہے ۔ عرق گلاب کا استعمال بھی آنکھوں کے لئے بہت مفید ہے یہ آنکھوں سے بہنے والے پانی کو روکتا ہے اور آنکھوں کی چمک میں اضافہ کرتا ہے .