ریاض : خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے لوگوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار
ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی رقم برآمد ، تحقیقات جاری ہیں ، پولیس ترجمان
جدہ ( ارسلان ہاشمی) ریاض پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو لوٹنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتارکر لیا گیا ۔ ملزمان خود کو قانون نافذکرنے والے ادارے کا اہلکارظاہر کرکے ان سے نقد رقم اور قیمتی اشیاءلوٹ لیتے تھے ۔ پولیس ترجمان نے اردونیوز کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ملزمان کے بارے میں ایک یمنی نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی جس میں کہا گیا تھا کہ 2 نامعلوم افراد نے خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار ظاہر کر تے ہوئے اسلحہ کے زور پر ا س سے 255 ہزار ریال چھین کر فرار ہوگئے ۔ مدعی نے ملزمان کی گاڑی کا نمبر اور اسکا میک بھی بتایا جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کروادی ۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ پولیس ٹیم نے ملزمان کو انکی گاڑی سمیت گرفتا رکر لیا جن میں ایک سعودی اور 2 یمنی شامل تھے ۔ ملزمان کے پاس سے صرف 25 ہزار ریال ہی برآمد ہوئے جو انہوں نے یمنی سے لوٹے تھے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مدعی نے دروغ بیانی سے کام لیتے ہوئے 2 لاکھ 25 ہزار کی رپورٹ درج کروائی تھی ۔ ملزمان کے خلاف لوٹ مار اور جعلی پولیس اہلکار ظاہر کرنے کا مقدمہ درج کر کے انہیں تحقیقاتی ادارے کے سپرد کر دیا گیا جہاں سے انکا چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کیا جائیگا۔