طیارے سے پیٹرول خارج ہوتا رہا، محکمہ گپ شپ میں مصروف
ایمسٹرڈیم ..... ہالینڈ کا شیپول ایئرپورٹ بہت مصروف رہتا ہے اور ہر طرف گہما گہمی نظر آتی ہے مگر اسی گہما گہمی میں کچھ ایسے مناظر بھی نظر آتے ہیں جنہیں دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ کے رن وے پر زمینی عملے کے بعض ارکان گپ شپ میں مصروف تھے اور انکے لئے یہ گپ شپ اتنی اہم اور ضروری تھی کہ انہوں نے چند قدم پر کھڑے طیارے سے رسنے والے تیل پر توجہ نہیں دی اور تیل کی بڑی مقدار زمین پر پھیل گئی۔ اس موقع کی جو تصاویر جاری ہوئی ہیں اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ سیکڑوں گیلن پیٹرول طیارے سے بہہ کر ضائع ہوگیا۔ کچھ دیر بعد گپ شپ میں مصروف عملے کو کسی نے صورتحال کی جانب متوجہ کیا تو انہیں ہوش آیا اور وہ گرے ہوئے پیٹرول کو سمیٹنے او رزمین صاف کرنے میں لگ گئے۔ موقع ایسا تھا کہ انکے پاس تیل سمیٹنے اور فرش کو صاف کرنے کیلئے کوئی خاص چیز بھی موجود نہیں تھی۔ وہ پرانے اخبارات او راس قسم کی چیزوں سے فرش کو صاف کرتے رہے۔ صفائی کیلئے انہوں نے سین پیپر بھی استعمال کئے۔گپ شپ میں مصروف رہنے والے عملے کے ایک رکن نے فون پر شاید اپنے کسی افسر کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن جب تک اس واقعہ کی وڈیو مکمل ہوئی ان کی مدد کیلئے کوئی نہیں آیا۔ مختصر دورانیہ کی یہ وڈیو انتظامیہ کیلئے درد سر بن جانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ نہیں معلوم ہوسکا کہ غفلت شعار ملازمین کیخلاف کوئی کارروائی ہورہی ہے یا نہیں تاہم سب سے زیادہ خطرہ اس بات کا تھا کہ اسی عدم توجہی کی وجہ سے ایک معمولی سی چنگاری بھی کسی طرف سے اڑتی ہوئی ان کے قریب آجاتی تو انتہائی خوفناک حادثہ ہوسکتا تھا اور کئی انسانی جانیں ضائع ہوسکتی تھیں۔