ورزش کے شوقین ہاتھی نے ٹریفک جام کردیا
لندن .... یہاں جاری ہونے والی ایک دلچسپ نئی وڈیو نے لوگوں میں دلچسپی کے ساتھ حیرت کی نئی لہر بھی دوڑا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ وڈیو ایک ایسے سحر خیز ہاتھی کی ہے جو صبح سویرے بیچ سڑک پر ورزش کرنے کھڑا ہوگیا۔ یہ اور بات ہے کہ اس کی اس ورزش کے نتیجے میں بہت سے افراد کو زحمت بھی اٹھانا پڑی کیونکہ اسکی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا تھا۔ وائلڈ لائف فوٹو گرافروں میشل اور جیکس نے اس موقع کی وڈیو اتار کر جاری کردی۔ وڈیو میں صاف نظر آرہا ہے کہ تربیت یافتہ نظر آنے والا ہاتھی کسی بھی سحر خیز شخص کی طرح اپنی ٹانگیں باری باری اوپر نیچے کررہا تھا۔ اس کے انداز سے یہ بھی گمان ہورہا تھا کہ شاید وہ یوگا کی مشق کررہا ہو۔ تاہم وڈیو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ ہاتھی کسی اونچے ٹیلے پر چڑھنے سے قبل اپنی سانس درست کرنے کی غرض سے یہ ورزش کررہا تھا کیونکہ کچھ دیر بعد ہی اسے ایک ٹیلے کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ٹریفک کا مسئلہ تقریباً آدھے گھنٹے تک لوگوں کی پریشانی کا سبب رہا۔ اس نے اپنی 4ٹانگوں کو باری باری اوپر اور نیچے کیا اور پھر سڑک چھوڑ کر اپنی منزل کی جانب چلتا بنا جس کے بعد ٹریفک بھی بحال ہوگئی۔