Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں نے 19تیل بردار جہازیرغمال بنالئے

لندن..... حوثی باغیوں نے الحدیدة بندرگاہ کے سامنے لنگر انداز19آئل ٹینکرز کو حراست میں لے لیا۔ ان پر 2لاکھ ٹن پیٹرول لدا ہوا ہے۔ یمن میں متعین سعودی سفیر محمد آل جابر نے یہ اطلاع دیتے ہوئے خبردار کیا کہ حوثی باغی ہر جہاز پر 10لاکھ ریال تاوان طلب کررہے ہیں۔ انہوںنے الزام لگایا کہ حوثی باغی یمنی عوام کو مسلسل بھوکا مارنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ 19آئل ٹینکرز کو حراست میں لینے کا ایک مقصد یہ بھی ہوسکتا ہے کہ وہ ان سارے جہازوں کو تباہ کرکے بحر احمر میں ماحولیاتی آلودگی پیدا کردیں۔سعودی سفیر نے توجہ دلائی کہ حوثی کئی برس سے الحدیدة بندرگاہ کو یمنی عوام کیخلاف حربی وسیلے کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔اس کا بھی امکان ہے کہ وہ بلیک مارکیٹ قائم کرکے جہازوں پر لدا تیل مارکیٹ میں بھاری رقم پر فروخت کریں۔ انہو ں نے کہا کہ یمن کے عوام کو انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ بہتر ہوگا کہ اقوام متحدہ الحدیدة بندرگاہ کی نگرانی کا کام اپنے ہاتھ میں لے لے۔ اس طرح ایک طرف تو یمن کو اسلحہ کی اسمگلنگ کا سلسلہ بند ہوجائیگا اور دوسری جانب انسانی بنیادوں پر بھیجا جانے والا سامان یمن کے ضرورت مندوں تک باآسانی پہنچایا جاسکے گا۔
 

شیئر: