نمازیوں کے آگے لگائے گئے ہندوانہ نعرے
نئی دہلی۔۔۔۔دہلی سے ملحق گڑگاؤں کے نیگڑھ گاؤں میں ہندوؤں نے نمازکیلئے موجود مسلمانوں کے آگے کھڑے ہوکرہندوانہ نعرے لگائے اور گھروں میں جاکر نماز پڑھنے کی بات کہی۔ اس واقعہ کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔اس میں صاف نظر آرہا ہے کہ 8،10شرپسند سیکڑوں نمازیوں کے سامنے شرانگیز نعرے لگارہے ہیں تاہم نمازیوں نے اس کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کیا اور ان کی باتوں اور نعروں کاکوئی جواب نہ دیتے ہوئے صبر اور خاموشی اختیار کی اور حالات بگڑنے سے بچالئے۔عام آمدی پارٹی کی خاتون رہنما الکا لامبا نے اس وڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر تحریر کیا کہ میں سلام کرتی ہوں اپنے سبھی مسلم بھائیوں کو جو چندسماج دشمن اور شرپسند عناصر کے اکسانے پر بھی مشتعل نہیں ہوئے۔ اپنے صبر و استقامت سے شرپسندوں کے عزائم ناکام بنادیئے۔