ریاض.... سعودی کابینہ نے منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں اجلاس کے دوران تجارتی رہن کے قانون کی منظوری دیدی اور حفر الباطن کو میونسپلٹی کا درجہ دے دیا۔ اجلاس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے بین الاقوامی ، علاقائی اور عرب حالات حاضرہ پر متعدد رپورٹیں سنیں۔ کابینہ نے کابل کے مغرب میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ افغان حکومت ، عوام اور جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور برادر ملک افغانستان کو دہشت گردی او رانتہا پسندی کے خلاف تعاون کا یقین دلایا۔ سعودی کابینہ نے واضح کیا کہ خادم حرمین شریفین ہفتے کو القدیہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ ریاض کے مغرب میں قائم ہو گا۔ یہ تفریحی ، ثقافتی اور کھیلوں کا شہر ہوگا۔ اس سے مملکت کو مزید اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔