پیرس ..... فرانس میں کام کرنے والے پلمبر فلپ لارے کو یقین ہے کہ اس کے آنجہانی والدجین میری لارے آنجہانی ہٹلر کے ناجائز بیٹے تھے۔ فلپ کا کہناتھا کہ اس کی فرانسیسی دادی شارلو لووئی کے 1916ءمیں ہٹلر سے بڑے قریبی تعلقات تھے۔ روسی ٹی وی چینل والوں نے اس کا ڈی این اے لے لیا ہے جسے ماسکو کی لیباریٹری میں ٹیسٹ کیا جائیگا۔ واضح ہو کہ روس کے پاس تاریخی اعتبار سے ہٹلر کی باقیات کا کچھ حصہ اب بھی موجود ہے۔ پلمبر کا دعویٰ ہے کہ اسکی دادی کی ایک ایسی تصویر بھی اس کے پاس ہے جس کو دیکھ کر ہٹلر نے اپنی ایک پینٹنگ بنائی تھی۔ہٹلر کی باقیات ماسکو میں کے جی بی کے سابق ہیڈکوارٹر کی تجوری میں موجود ہیں۔ لارے کا کہناہے کہ وہ جس زمانے کی بات کررہا ہے اس زمانے میں نازی لیڈر جرمن فوج میں ایک کارپورل کے طور پر کام کررہا تھا۔ یہ زمانہ 1916ءکے لگ بھگ کا ہے جب جرمنی اور فرانس میں جنگ جاری تھی۔ واضح ہو کہ خود ہٹلر کی باقیات کو بہت سے لوگ شک و شبے کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ غالباً ان باقیات کو اسٹالن کے فوجیوں نے برلن کے تہہ خانے سے 1945ءمیں نکالا تھا۔ جہاں نازی لیڈر نے امکانی طور پر خودکشی کرلی تھی۔