القدیہ منصوبے کاسنگ بنیاد
27اپریل جمعہ کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے اخبارالبلاد کا اداریہ
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کل ہفتے کو القدیہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔یہ سعودی عرب میں نیا ثقافتی، تفریحی اور کھیلوں کا عظیم الشان مرکز ہوگا۔یہ شاندار منصوبے روبہ عمل لانے سے متعلق سعودی قیادت کی انتھک جدو جہد کا عملی نمونہ ہوگا۔ اس سے بالواسطہ اور بلاواسطہ آمدنی ہوگی۔ وطن عزیز اور فرزندان وطن کی فلاح و بہبود کیلئے پائدار ترقی کا عمل آگے بڑھے گا۔
پروگرام کے مطابق اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 2022میں مکمل ہوگا۔ اس کے سارے کام اعلیٰ معیار کے مطابق انجام دیئے جائیں گے۔ فطری ماحول اور قدرتی مناظر کا انتہادرجے دھیان رکھا جائیگا۔
القدیہ منصوبہ میں تفریحات ، کھیلوں کی سرگرمیاں اور ثقافتی پروگرام منعقد ہوا کرینگے۔ ان سب سے متعلق اعلیٰ درجے کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ تجارتی مراکز ، ریستوران ، قہوہ خانے ، ہوٹل، تعلیمی ، ثقافتی اور تاریخی سرگرمیاں اسکی پہچان بنیں گی۔
القدیہ منصوبہ اقتصادی اور سماجی اعتبار سے منفعت بخش قومی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی اسکیموں کا حصہ ہے۔ اس کے ذریعے ریاستی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہونگے اور تمام شعبوں میں سعودائزیشن کا نصب العین مکمل ہوگا۔