ٹماٹر جلد کو ٹھنڈک اور سکون پہنچانے کا ذریعہ
قدرتی اجزاء کے ذریعے جلد کی حفاظت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ ٹماٹر بھی انہیں اجزاء میں سے ایک ہے جو اپنی ٹھنڈک اور جھریوں زیادہ جلد کو ٹائٹ کرنے والی خوبیوں کی بدولت جلد کی حفاظت میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ یہ وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جو بے رونق جلد کو پرکشش اور چمکدار بنانے کے ساتھ ساتھ کیل مہاسوں کا خاتمہ کرنے کے لیے بھی اہم ہے ۔ اس میں موجود وٹامن اے جلد کی صحت کے لئے ضروری ہے ۔ ٹماٹر میں موجود نمکیات جلد کی پی ایچ کو بیلنس رکھتے ہیں اور جلد سے چکناہٹ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔ یہ اینٹی اوکسیڈنٹ خصوصیات کا حامل ہونے کے باعث جلد پر جراثیم کی افزائش کو روکتا ہے ۔ جلد پر ٹماٹر اپلائی کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ تازہ ٹماٹروں کے ایک چمچ جوس میں دو سے چار قطرے لیموں کا رس شامل کر لیں اور اچھی طرح مکس کرکے کاٹن کی مدد سے چہرے پر لگا کر پندرہ منٹ کے لئے چھوڑ دیں ۔ پھر ٹھنڈے پانی سے منہ دھولیں اور جلد کو موسچرائز کریں ۔ اس کے علاوہ آپ تازہ ٹماٹر کو اچھی طرح مسل کر اس کا گودا براہ راست چہرے پر لگا سکتی ہیں۔ ٹماٹر کے گودے کو ایک گھنٹے تک چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر نیم گرم پانی سے منہ دھولیں ۔ ایک ہفتے تک مستقل یہ عمل کرنے سے بہترین نتائج سامنے آئیں گے ۔ ٹماٹر کا ماسک نارمل جلد والی خواتین کے لئے بہترین ہے ۔ کیونکہ اس میں وٹامن اے سی اور ای پائے جاتے ہیں یہ جلد کو ٹھنڈک اور سکون کا احساس فراہم کرتے ہیں ۔ ٹماٹر کا ماسک بنانے کے لئے چھوٹا ٹماٹر اور چھوٹی ناشپاتی کو گرائنڈ کرکے اچھی طرح مکس کرلیں اور اس مکسچر کو 20 سے 30 منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر نیم گرم پانی سے دھولیں ۔