فٹبال کا ترک مداح میچ کیلئے کرین پر چڑھ گیا
استبول: ترکی میں فٹ بال کلب کے ایک مداح پر ایک سال تک فٹ بال گراؤنڈ میں داخلے پر پابندی لگائی گئی لیکن اس نے یہ انوکھا حل نکالا کہ کرائے پر کرین لاکر اس کی مدد سے گراؤنڈ کے باہر سے پورا میچ دیکھ کر نہ صرف سب حیران کردیا بلکہ ذرائع ابلاغ نے بھی اسے بھرپور کوریج دی۔ علی دمیر کایا عرف’ ’امیگو علی‘‘ فٹبال کلب ’’ڈینزلسپر‘ ‘کے پرجوش مداح ہیں۔ 2015 میں ایک فٹبال میچ کے دوران ان کے نا مناسب طرز عمل کو دیکھتے ہوئے ان پر مقدمہ چلا اور 2017 میں ان پر ایک سال کیلئے فٹ بال اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔ علی نے سوچا کہ میدان میں داخلے پر پابندی کے باوجود وہ باہر سے یہ میچ دیکھ کر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے اس نے تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والی ایک کرین کرائے پر حاصل کی اور گراؤنڈ کے باہر ایک مناسب جگہ کھڑی کروا دی۔اس پر بیٹھ کر بلندی سے یہ میچ دیکھا اور اپنی ٹیم کا پرچم لہرا کر اس کی حوصلہ افزائی بھی کی۔اس کے بعد اسٹیڈیم میں دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی اور تماشائی کھیل کے ساتھ ساتھ کرین پر سوار علی کو بھی دیکھتے رہے۔ کچھ دیر بعد پولیس آگئی اور اس نے علی کو کرین سے نیچے اتار لیا۔یہ معلوم نہ ہوسکا کہ ا س کے خلاف مزید کوئی کارروائی بھی ہوگی یا نہیں۔ علی نے ثابت کردیا کہ وہ اپنی ذہانت سے فٹبال دیکھنے کی پابندی کا حل نکال سکتے ہیں۔علی دمیرکایا نے اس سال فروری میں بھی کرین کی مدد سے اپنے کلب کا ایک میچ دیکھا تھا ۔ اب علی نے کہا ہے کہ وہ اگلے مرحلے میں گرم ہوا کے غبارے یا پیراگلائیڈر کے ذریعے میچ دیکھنے کا منصوبہ بنا رہاہے۔