راو انوار جیل میں بیمار پڑ گئے
کراچی ...انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نقیب اللہ کیس کی سماعت کی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کو بتایا گیا کہ مرکزی ملزم سابق ایس ایس راو انوار جیل میں بیمار پڑ گئے ۔جیل حکام نے راو انوار کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیااور موقف اختیار کیا کہ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا تھاجس کے مطابق راو انوار علیل ہیں وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔عدالت نے جیل حکام کو ہدایات جاری کیں کہ کیس کی آئندہ سماعت پر ملزم راو انوار کی حاضری یقینی بنائی جائے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر ملزم کو پیش نہ کیا گیا تو میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے ڈاکٹر کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔دریںاثناء پراسیکیوٹر نے نقیب اللہ قتل کیس کا ضمنی چالان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ضمنی چالان میں بتایا گیا کہ جیو فینسنگ رپورٹ کے مطابق ملزم راو انوار جائے وقوعہ پر موجود تھے۔ تمام ملزمان ایک دوسرے سے رابطے میں تھے۔ بادی النظر میں پولیس مقابلہ منصوبے کے تحت کیا گیا۔ضمنی چالان میں بتایا گیا کہ ڈی این اے رپورٹ کے مطابق ملزمان کو ایک سے پانچ فٹ کے فاصلے سے گولیاں ماری گئیں۔