ہماری روزمرہ کی خوراک انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس کے ذریعے ہم اپنے جسم کو وہ تمام ضروری غذائی اجزاءمہیا کر سکتے ہیں جو اچھی صحت کےلیئےناگزیر ہیں ۔ جو ہمیں بیماریوں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت دیتے ہیں اور جسمانی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پرکشش وضع و قطع بھی فراہم کرتے ہیں ۔
متوازن غذا مدافعاتی نظام کو تو بہتر بناتی ہی ہے ، ہماری خارجی شخصیت کا بھی بہترین عکس پیش کرتی ہے ۔ اچھی غذا کے اثرات ہماری جلد ، بالوں اور جسمانی ہیئت پر بھی پڑتے ہیں ۔ غذائی ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ صرف متوازن غذا ہی جسم کو مناسب مقدار میں ضروری غذائی اجزا فراہم کرسکتی ہیں اور وہ متوازن غذا سے ایسی غذا مراد لیتے ہیں جس میں اعلی درجے کی غذائی صلاحیت موجود ہو ۔ جو اضافی کیلوریز سے پاک ہو اور ایسے طریقے سے پکائیں گئی ہو جس سے اس کے غذائی اجزاء محفوظ رہیں اور وہ نظام ہضم کو درہم برہم نہ کرے ۔
کچی اور تازہ غذائیں ، ایسی غذائیں جو سادہ طریقے سے پکائی گئی ہو ، جنہیں پیسا یا پراسس نہ کیا گیا ہو ، قدرتی غذاؤں میں شمار ہوتی ہیں ۔ جبکہ پیسی ہوئی یا پروسس کی ہوئی غذائیں اور زیادہ گھی یا تیل میں پکی ہوئی تیز مصالحوں والی غذائیں قدرتی غذائیں نہیں رہتی ۔ ان میں کیلوریز زیادہ اور غذائیت کم ہوتی ہے کیونکہ بہت سے قدرتی غذائی اجزاء پروسیسنگ ، ریفائنگ اور کوکنگ کے دوران ضائع ہو جاتے ہیں ۔ ایسی غذائیں صحت کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ جلد اور بالوں پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہیں ۔