سعودی اسٹاک مارکیٹ : تداول آل انڈیکس میں 141پوائنٹس کی کمی
سرمایہ کاروں کو 34ارب ریال کا نقصان، ساگر انشورنس اور سعودی انڈسٹریل انوسٹمنٹ کو فوقیت
غیاث الدین۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں کرکشن دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 214 پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 141پوائنٹس کی کمی کے بعد 8107.47پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ پچھلے ہفتے سارے اشاریئے منفی زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈیکس میں 1.71فیصد کی کمی ، جبکہ سودوں اور حجم میں بالترتیب 6.6فیصد اور 15.5فیصد کا انحطاط دیکھا گیا۔ کاروباری مالیت 5.8فیصد کی کمی کے بعد 23ارب ریال تک گر گئی۔ قیمتیں گرنے سے سرمایہ کاروں کو 34ارب ریال کا نقصان ہوا۔ انفرادی کمپنیوں میں سب سے زیادہ نقصان نئی کمپنی سدکو کیپٹل رائٹ جس کا ادا شدہ سرمایہ 600ملین ریال ہے اور جس کا کاروبار پراپرٹی مینجمنٹ ہے کو ہوا ۔ جو یکم مئی 2018ءکو تداول میں شامل ہوئی اور 3دن میں اس کی قیمت 14.30فیصد کمی کے بعد 8.52ریال پر بند ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر تعاونیہ انشورنس رہی ۔ ساگر انشورنس نے پچھلے ہفتے 7.5فیصد ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا اور اس کو تمام انفرادی کمپنیوں پر فوقیت حاصل رہی۔ منافع کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر سعودی انڈسٹریل انوسٹمنٹ گروپ رہا۔ سب سے زیادہ سرمایہ کاری سابک میں کی گئی جس کی مالیت 4.1ارب ریال تھی جو کل سرمایہ کاری کا 17.6فیصد حصہ بنتا ہے۔ اس کی قیمت 4.18فیصد کمی کے بعد 113.73ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ انرجی سیکٹر میں سب سے زیادہ نقصان پیٹرورابغ کو ہوا لیکن اس کی قیمت سال کے شروع کے مقابلے میں اب بھی 70.52فیصد زیادہ ہے۔