Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان المبارک کے دوران مطاف کا صحن معتمرین کیلئے مخصوص کردیاگیا

مکہ مکرمہ.... سعودی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران سہولت و آسانی کیلئے مطاف کا صحن صرف عمرہ کرنے والوں کیلئے مخصوص کردیا۔ گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل نے باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کردیا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ماہ مبارک کے دورا ن عمرہ ، زیارت و تراویح اور تہجد کیلئے حرم شریف آنے والوں کی تعداد غیر معمولی ہوتی ہے ۔ عمرہ کرنے والوں کو زبردست رش کے باعث طواف میں مشکل پیش آتی تھی۔ اس صورتحال کو مدنظررکھتے ہوئے طے کیاگیا ہے کہ ماہ مبارک کے دوران مطاف کا صحن صرف معتمرین کیلئے مخصوص ہوگا۔ یہ پابندی روزانہ نماز مغرب کے بعد سے لے کر تراویح کے اختتام تک جاری رہے گی۔ رمضان کے آخری عشرے میں پابندی کا وقت تہجد کی نماز تک رہے گا۔ خالد الفیصل نے یہ ہدایت بھی دی ہے کہ جو لوگ اس دوران نماز ادا کرنا چاہیں وہ مطاف سے باہر نماز پڑھیں ۔ گورنر مکہ مکرمہ نے رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کے خواہشمند وں کیلئے تہ خانہ مختص کرنے کی ہدایت دے دی۔ انہوں نے اسی کے ساتھ ساتھ یہ اضافہ بھی کیا ہے کہ اگر اعتکاف کرنے والوں کی تعداد تہ خانے میں نہ پوری ہورہی ہو تو ایسی حالت میں شمالی توسیع والے حصے میں بھی معتکیفین کو بھیجا جاسکتاہے۔ حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی نے توجہ دلائی ہے کہ شہزادہ خالد الفیصل نے گزشتہ برس 1438 ھ کے ماہ رمضان میں مذکورہ پابندی لگائی تھی جس کے خوشگوار نتائج سامنے آئے تھے۔ امسال اسے مزید موثر شکل میں نافذ کیا جائے گا۔ 
 

شیئر: