انسداد بدعنوانی پروگرام کی تقویت کیلئے شاہی فرمان
پیر 7مئی 2018کو مملکت سے شائع ہونے والے اخبار ” عکاظ“ کا اداریہ
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مالیاتی اور انتظامی بدعنوانی کے خلاف رپورٹ کرنے والے ہر ملازم کو مطلوبہ تحفظ فراہم کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔ اس شاہی فرمان کے بموجب ایسے کسی بھی اہلکار کو جو بدعنوانی کی رپورٹ کریگا کسی بھی شکل میں پریشان نہیں کیا جاسکتا۔ شاہ سلمان کا نیا فرمان انسداد بدعنوانی کے قومی ادارے کو موثر بنانے کی سابقہ ہدایات میں ایک اہم اضافہ ہے۔ شاہ سلمان نے نیا فرمان جاری کرکے ایسے تمام ملازمین کو جو ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف رپورٹ کرینگے بھرپور تحفظ کا احساس دلایا ہے۔ اس سے انسداد بدعنوانی کے ادارے” نزاھہ” کی کارکردگی بہتر ہوگی۔بدعنوانوں کے حلقوں میں گھبراہٹ پیدا ہوگی۔
نیا شاہی فرمان قومی خزانے کے تحفظ ، صاف شفاف پالیسی کی تقویت اور مالی و انتظامی بدعنوانی کی ہر کوشش کے سدباب کیلئے جاری منصوبے کو منطقی انجام تک پہنچانے والا اہم اقدام ہے۔ خادم حرمین شریفین نے سرکاری اداروں میں ملازمت ، مالیاتی و انتظامی شفافیت کا جو تصور دیا تھا اس سے اسے تقویت ملے گی اور اعتبار کا انتہائی اہم رشتہ پختہ ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭٭