دبئی: آئندہ سال دبئی میں ہونے والے ایشین فٹبال کپ کی فاتح ٹیم کو انعامی رقم کے طور پر 50لاکھ ڈا لر پیش کئے جائیں گے جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم 30لاکھ ڈالر کی حقدار ٹھہرے گی۔ایشین ایونٹ 5 جنوری سے یکم فروری تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا۔ منتظمین کے مطابق ایونٹ کا افتتاحی میچ5جنوری کو ابوظبی کے زید اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم پر میں میزبان متحدہ امارات اور بحرین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے کہا ہے کہ 1956 سے ایشیا کپ کی ایک ہی ٹرافی چلی آرہی تھی، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اس ٹورنامنٹ کیلئے نئی ٹرافی تیارکرائی ہے۔ ڈراز کے مطابق دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو گروپ ’ بی ‘ میں شام، اردن اور فلسطین کے ہمراہ جگہ دی گئی ہے ۔گروپ ’ اے ‘ میں میزبان یواے ای کے ہمراہ تھائی لینڈ ، ہند اور بحرین شامل ہیں گروپ ’ ایف ‘ میں 4مرتبہ کی فاتح جاپانی ٹیم کو اگلے مرحلے میں رسائی کیلئے ازبکستان، عمان اور ترکمانستان کا چیلنج درپیش ہوگا، سابق چیمپئنز ایران اورعراق کوگروپ’ ڈی‘ میں ویتنام اور یمن کے ہمراہ رکھاگیا ہے جبکہ گروپ ’ ای ‘میں سعودی عرب، قطر، شمالی کوریا اور لبنان شامل ہیں۔ سعو دی عرب نے تین بار علاقائی ایونٹ جیتا ہے ۔ اس نے آخری مرتبہ 1996 میں کامیابی حاصل کی تھی۔جنوبی کوریا، چین، کرغیزستان اور فلپائن گروپ ’ سی ‘ میں ہوں گے۔
متعلقہ خبریں
-
26 مارچ ، 2018
-
22 مارچ ، 2018
-
31 جنوری ، 2018