واشنگٹن۔۔۔ٹرمپ انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ جون میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اَن کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متوقع ملاقات حالیہ واقعات کے باوجود منسوخ نہیں ہو گی۔وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ اس ملاقات کے لیے تیار ہیں۔اس سے قبل شمالی کوریا نے سخت الفاظ پر مبنی بیان جاری کیا تھاجس میں اس نے دھمکی دی کہ اگر امریکہ نے شمالی کوریا سے ان کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر زور دیا تو وہ 12 جون کو سنگاپور میں ہونے والی ملاقات منسوخ کر دیں گے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا ہکبی سینڈرز نے کہا کہ اگر ملاقات طے پاتی ہے تو صدر ٹرمپ اس کے لیے پوری طرح تیار ہیںاور اگر ملاقات نہیں ہوتی تو ہم شمالی کوریا پر دباؤ ڈالنے کی مہم جاری رکھیں گے۔