امراض قلب سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر
احتیاط علاج سے بہتر ہے ۔ یہ وہ جملہ ہے جو ہمیں اکثر سننے کو ملتا ہے اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ تکلیف سہنے ، ڈاکٹر کے پاس چکر لگانے اور علاج پر پیسہ خرچ کرنے سے بہتر ہے پہلے ہی احتیاط سے کام لیا جائے ۔ اگر امراض قلب سے بچاؤ کی بات کی جائے تو سب سے پہلے اپنی خوراک میں سے چکنائی اور نمک کو کم کریں ۔ روزانہ علی الصبح باقاعدگی سے واک کریں ۔ بناسپتی گھی ، دیسی گھی ، تلی اوربھنی ہوئی غذاؤں سے اجتناب کریں ۔ سالن بناتے وقت لہسن ، زیرہ ، سفید اور کالی مرچ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔ لہسن ، ادرک ، پودینہ ، سیاہ مرچ ، انار دانہ ، سبز مرچ اور ہرا دھنیا حسب ذائقہ ملا کر چٹنی بنا لیں اور دن میں دو بار دہی میں شامل کرکے یا سادہ ہی ایک چمچ استعمال کریں ۔ بطور علاج ارجن کی چھال میں سے نرم گودا نکال کر کم از کم دس گرام ، ڈیڑھ پاؤ پانی میں اچھی طرح پکا کر چھان لیں اور دن میں ایک بار پینا شروع کر دیں ۔ بہت جلد تکلیف میں افاقہ ہوگا ۔