نوجوان سے چچا کی بیماری دیکھی نہ گئی ، گردہ عطیہ کردیا
حائل .... نوجوان بھتیجے نے چچا کی محبت میں اپنا گردہ عطیہ کر دیا ۔ گردے کی منتقلی کا آپریشن کامیاب رہا ۔ چچا کو گردہ عطیہ کر کے قلبی سکون ملا۔ سبق نیوز کے مطابق حائل کمشنری میں مقیم 49 سالہ متعب گزشتہ کئی ماہ سے گردے کے مرض میں مبتلا تھا جس کے لئے اسے ہفتے میں 3 دن ڈائیلاسیس کے تکلیف دہ مرحلے سے گزرنا ہوتا تھا ۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ متعب کے دونوں گردے ناکارہ ہو چکے ہیں ۔ ڈائیلاسیس کا عمل مستقل علاج نہیں اس کےلئے اسے گردہ تبدیل کرنا پڑے گا۔ جب یہ خبر متعب کے نوجوان بھتیجے کو ملی تو اس نے اپنے خون کا معائنہ کروایا تاکہ چچا کو بیماری کی اذیت سے بچا کر اپنا گردہ عطیہ کر سکے ۔ بھتیجے کا ٹیسٹ مثبت آیا جس کا مطلب تھا کہ اس کا گردہ باآسانی چچا کے کام آسکتا ہے ۔ نوجوان حاتم نے فوری طور پر اپنے طبی معائنہ کے بارے میں چچا کو مطلع کرتے ہوئے کہا کہ میں آپکی بیمار ی نہیں دیکھ سکتا اپنا گردہ آپ کو عطیہ کرتا ہوں ۔ حاتم اپنے بیمار چچا کو لیکر ڈاکٹرکے پاس گیا جہاں انکا آپریشن کر دیا گیا ۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ چوں کہ حاتم کا گردہ متعب کو میچ کر گیا اس لئے اب وہ جلد ہی روبہ صحت ہو جائے گا اور اسے ڈائیلاسیس کے تکلیف دہ مراحل سے بھی نجات مل جائے گی ۔