عثمان صلاح الدین کو ٹیسٹ کیپ ملنے کی توقع
لیڈز:پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کی جگہ نوجوان بلے باز عثمان صلاح الدین کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹیم ذرائع نے بتایا کہ کوچ مکی آرتھر نے 27 سالہ عثمان صلاح الدین کو خاص طور پر پریکٹس بھی کروائی۔ ذرائع کے مطابق فخر زمان، سعد علی اور عثمان صلاح الدین میں سے کسی ایک کو موقع دیا جانا تھا ۔ ابتدا ءمیں فخر زمان کو ٹیسٹ کیپ ملنے کی امید ظاہر کی گئی تھی لیکن ابعثمان صلاح الدین کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا۔عثمان صلاح الدین نے 99 فرسٹ کلاس میچوں میں 20 سنچریوں کی مدد سے 6329 رنز بنا رکھے ہیں۔خیال رہے کہ لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ناقابل شکست 68 رنز بنانے والے بابر اعظم بین اسٹوکس کی گیند لگنے سے انجری کا شکار ہوگئے تھے اور انہیں بیٹنگ ادھوری چھوڑنا پڑی تھی ، بعد ازاں وہ کلائی کے فریکچر کی وجہ سے سیریز سے بھی باہر ہو گئے تھے۔ان کی عدم موجودگی میںعثمان صلاح الدین کے لئے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے ۔انجری کے باعث بابر اعظم تقریباً2ماہ تک کرکٹ سے دور رہیں گے۔