Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کا خودساختہ جلاوطنی اختیار کرنے کا فیصلہ ؟

اسلام آباد..... پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ملک میں سیاست کی مخالف ہواوﺅں اور موجودہ صورت حال سے پریشان ہو کر خودساختہ جلاوطنی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس بار رمضان المبارک کا آخری عشرہ سعودی عرب میں گزارنے کے بعد وہ اہل خانہ کے ہمراہ عید منانے کے لیے لندن چلے جائیں گے جہاں وہ طویل عرصہ قیام کریں گے۔ انتہائی اہم ذرائع نے اس حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے طویل عرصہ تک خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پاکستان میں ن لیگ کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد ختم ہو چکی ہے جس کے بعد برطانوی حلقوں میں چہ میگوئیاں عروج پرہیں کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اآئندہ چند روز میں لندن پہنچ رہے ہیں۔ باخبر سیاسی حلقوں کی جانب سے ذرائع ابلاغ کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے نواز شریف کا معمول رہا ہے کہ وہ رمضان کا آخری عشرہ سعودی عرب میں گزارتے ہیں اسلئے اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں پاکستان سے براہ راست سعودی عرب یا لندن پہنچیں۔ ذرائع کے مطابق یہ بھی طے ہے کہ نواز شریف عیدالفطر اپنے اہل خانہ کے ساتھ لندن میں گزاریں گے۔ ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ نواز شریف جیل جانے سے خوفزدہ نہیں کیونکہ وہ اس سے پہلے بھی ان تجربات سے گزر چکے ہیں، تاہم اس بار وہ اپنی صاحبزادی مریم نواز کو جیل جاتا نہیں دیکھ سکتے، جس کی وجہ سے وہ پریشان ہیں۔ لندن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے انتہائی سرکردہ حلقوں میں بھی اس بات پر تبادلہ خیال ہوا ہے اور بیشتر کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو کم ازکم آئندہ انتخابات کے نتائج تک ملک سے باہر رہنا چاہیے اور بعدازاں حالات کے مطابق فیصلہ کرنا چاہیے تاہم نواز شریف اس بات کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں کریں گے۔

شیئر: