مکی ہوٹلوں کے کرایوں میں 80 فیصد اضافہ، آخری عشرہ میں 700 ملین کی آمدنی متوقع
مکہ مکرمہ..... مکہ مکرمہ، خصوصاً مسجد الحرام کے اطراف واقع ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے کرایوں میں شعبان کے مقابلے میں 80 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ رمضان کے آخری عشرہ میں کرائے مزید بڑھ گئے۔ حرم کے رخ والے ایک کمرے کا کرایہ 1500 ریال اور حرم سے مختلف جہت میں رخ والے کمروں کا کرایہ 800 سے ایک ہزار ریال تک ہوچکا ہے۔ ہوٹلوں کے امور سے تعلق رکھنے والوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ مکہ مکرمہ میں فرنشڈ اپارٹمنٹس اور ہوٹلوں کے مالکان کو آخری عشرہ میں 700 ملین ریال تک کی آمدنی ہوگی۔ ان میں سے 70 فیصد حرم شریف کے اطراف کے ہوٹلوں اور اپارٹمنٹس کے مالکان کے حصہ میں آئے گی۔ ہوٹلوں کے ایک مالک ہانی الھدلی نے بتایا کہ ہوٹلوں کے کرائے کا تعین حرم شریف سے فاصلے پر طے ہورہا ہے۔ 900 سے 1500 ریال ایک دن کا کرایہ ایسے کمرے پر لیا جارہا ہے جس کا رخ حرم شریف کی طرف ہے برعکس شکل میں 800 تا 1200 ریال ایک دن کا کرایہ ہے۔ مکہ مکرمہ کے تمام ہوٹل بک ہوچکے ہیں۔ 100 فیصد مصروف ہیں۔ ہوٹل یا فرنشڈ اپارٹمنٹس حرم شریف سے جتنے دور ہیں اسی تناسب سے ان کا کرایہ کم وصول کیا جارہا ہے۔ ہوٹل کے ایک اور مالک سالم المطرفی نے بتایا کہ حرم شریف کے اطراف کے علاقے سے خارج ہوٹل اور فرنشڈ اپارٹمنٹ 60 فیصد تک مصروف ہیں۔ محکمہ سیاحت 1200 ہوٹلوں کو اجازت نامے جاری کئے ہوئے ہے ان میں 90 ہزار کمرے ہیں جہاں 10 لاکھ معتمر ماہانہ قیام کرسکتے ہیں۔