مستقل ہند واپس جانے والے مکمل جائزہ لیکر ہی سرمایہ لگائیں، میمن
ہند میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع ہیں، کاروباری مواقع پر عبدالقادر میمن کا خطاب
جدہ (ارسلان ہاشمی)این آر آئی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے ہندوستان میں بڑھتے ہوئے کاروباری مواقع کے حوالے سے سیمینار منعقد کیا گیا۔ مقررین نے مشرق وسطی کے موجودہ حالات میں ہندوستان کی معیشت کا جائزہ پیش کیا تاکہ حاضرین کو تصویر کے تمام رخ سے آگاہ کیاجاسکے ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عبدالقادر میمن نے 20 برس کا تقابلی جائزہ پیش کیا جس میں معاشی حالات کے اتار چڑھاﺅ کے حوالے سے حاضرین کو اہم معلومات مہیا کی گئیں ۔ میمن نے کہا کہ آج سے 2 دھائی برس قبل ہندوستان کی معیشت 7 سو بلین ڈالر تھی جو اب 2.8 ٹریلین تک پہنچ چکی ہے ۔ دنیا کے معاشی اداروں کی جانب سے ہندوستانی معیشت کو تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت قرار دیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے میمن کا کہنا تھا کہ 20 برس قبل حصص بازار میں معروف کمپنی کا جوشیئر 125 روپے میں فروخت ہوتا تھا آج اسکی قیمت 10,500 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ بڑھتی ہوئی معیشت کی متعدد مثالیں موجود ہیں ضرورت اس امرکی ہے کہ ہندوستان کی معیشت کو درست طور پر سمجھا جائے اور مستقل بنیادوں پر نقل مکانی کرنے والے افراد اور خاندان سرمایہ کاری کےلئے مختلف امور کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اپنا سرمایہ لگائیں ۔ ہندوستان میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع موجود ہیں ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دوسرے مقرر امیر شاہ نے مختلف نکات پیش کئے تارکین جن پر عمل کرکے بہتر انداز میں مستقبل کی منصوبہ بندی کرسکیںگے ۔