دریاؤں میں پانی کی آمد‘ صوبوں کا کوٹا بڑھا دیا گیا
اسلام آباد- - - - انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (اِرسا) نے صوبوں کو پانی کا مکمل کوٹہ فراہم کرنا شروع کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمے کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسکردو میں درجہ حرارت کے بڑھنے یعنی 32 ڈگری پر آ جانے کے بعد پہاڑوں پر گلیشیئر پگھلنے سے دریائے سندھ اور دریائے کابل میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔ترجمان ارسا کے مطابق 26 مئی تک دریاؤں میں پانی کی آمد ایک لاکھ 8 ہزار کیوسک تھی جو بڑھ کر اب 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد صوبہ پنجاب کو 69 ہزار 200 کیوسک سے بڑھا کر 93 ہزار 200 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے، اسی طرح سندھ کا کوٹا 60 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 85 ہزار کیوسک اور بلوچستان کا 8 ہزار سے بڑھا کر 14 ہزار کیوسک کردیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا سے متعلق ترجمان اِرسا نے بتایا کہ 3 ہزار 100 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ذرئع کے مطابق جون میں درجہ حرارت بڑھنے کے بعد پانی کی آمد کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈیموں میں ذخیرہ کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے، لہٰذا صوبوں کی ضرورت پوری ہونے کے بعد پانی کو ڈیموں میں ذخیرہ کیا جا رہا ہے۔