Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ لبنان کو اپنی مہم جوئی کا ایندھن نہ بنائے، سمیر جعجع

    بیروت- - - -  - القوات اللبنانیہ پارٹی کے سربراہ سمیر جعجع نے واضح کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کو اپنی مہم جوئی کا ایندھن نہ بنائے۔ لبنان کو ایران کی خاطر قربانی کی بھینٹ نہ چڑھائے۔ انہوں نے حزب اللہ کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ لبنان کو مہم جوئی کے بھنور میں پھنسانے کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔ خطے میں جنگ چھڑنے کی صورت میں لبنان کو ایران کی حمایت کرنے والے ممالک کی صف میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے الشرق الاوسط سے گفتگو میں کہا کہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ مہم جوئی سے گریز کرے۔ یہ وقت مہم جوئیوں کا نہیں۔ لبنان پر کسی بھی خارجی طاقت کی جانب سے حملے کی صورت میں معاملہ مختلف ہوگا۔ اس سے برعکس حالت میں لبنان کو جنگ میں جھونکنے اور تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ جعجع نے کہاکہ خطے میں بڑی علاقائی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی بعید از امکان ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ان کی پارٹی صرف اس صورت میں نئی حکومت کا حصہ بنے گی جبکہ اسٹراٹیجک فیصلہ مکمل طور پر ریاست کے ہاتھ میں ہو۔ اس سے ان کا اشارہ حزب اللہ کے جنگجوؤں کے پاس اسلحہ کی طرف تھا۔ جعجع نے کہا کہ جس اندازمیں لبنان نے شہریت کا نیا آرڈیننس جاری کیا ہے اس سے صدر میشال عون کے عہد پر ضرب کاری لگی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئی حکومت میں ہم اپنے سیاسی اور پارلیمانی حجم کے مطابق حصہ چاہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہریت کیلئے مجوزہ نام میرے خیال سے صدر عون کی نظر سے نہیں گزرے۔
مزید پڑھیں:- - - - -کویت میں ہندوستانی سبزیوں پر پابندی سے پاکستانی درآمدات دوگنی
 
 

شیئر: