Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش سے بے حال مہاراشٹر: 14سالہ بچی سمیت 4ہلاک

ممبئی۔۔۔۔مہاراشٹر میں طوفانی بارش کا سلسلہ گزشتہ دنوں سے جاری ہے ۔ ممبئی کے علاقے تھانے ، احمد نگر ،پربھنی وغیرہ علاقوں میں شدید بارش نے 4افراد کی جان لے لی۔
ممبئی کے دہیسر علاقے میں14سالہ بچی طوفانی بارش سے بچنے کیلئے ناریل کے درخت کے نیچے کھڑی ہوئی تھی کہ اچانک درخت اس پر آگر ا جس سے موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ 9سے 11جون تک طوفانی بارش ہوگی۔اس انتباہ کے بعد ممبئی میونسپل کارپوریشن نے پولیس اور امدادو راحت رسانی کے اداروں سمیت تمام ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کردیا ۔
دہلی اور اس کے مضافات میں موسم نے اچانک کروٹ بدلا۔ فضا ابر آلو د ہونے کے ساتھ کالی گھٹا چھا گئی ۔جمعہ کو یوپی میں طوفان بادو باراں سے 28لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ بارش کے باعث دہلی اور اس کے نواح میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔مہاراشٹر کے ضلع لاتور میں ایک شخص طوفانی بارش کے ریلے میں بہہ جانے سے ہلاک ہوگیا ۔ تھانے میں بجلی گرنے سے مچھلی کاشکار کرنیوالے مچھیرے کی موت ہوگئی جبکہ 6شدید زخمی ہوگئے۔وہیں تھانے میں شدید بارش میں اسکوٹی پر پیچھے بیٹھی جارہی خاتون گڑھے میں گرگئی اور ٹرک کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی۔
آج ممبئی میں طوفانی بارش سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثرہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی سمیت کوکن اور گوا میں شدید بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دہلی اور این سی آر ، پنجاب ، شمالی راجستھان اور مغربی اتر پردیش میں گردوغبار والی آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کیرالا، ودربھ ، جنوبی چھتیس گڑھ اور جنوبی مدھیہ پردیش کے بعض علاقوں،گوا اور کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش ہوگی۔
مزید پڑھیں:- - - -تلنگانہ میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی

شیئر: