Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیشہ: فلسطینی نرس نے حادثہ میں سر پھٹے ایشیائی کی جان بچالی

بیشہ.... عسیر ریجن کے بیشہ مقام پر سرکاری ہیلتھ سینٹر میں کام کرنے والی فلسطینی نرس نے ایک نرس او رماں کا کردار ادا کرتے ہوئے سر پھٹے ایشیائی کی جان بچالی۔ ایشیائی کارکن موٹر سائیکل سے سفر کرتے ہوئے سر کے بل گر گیا تھا۔ اس کے سر میں شدید چوٹ آئی تھی ۔ خون بے تحاشا بہہ رہا تھا۔ فلسطینی نرس شحدہ ابو ریدہ اس وقت بیشہ کے ہیلتھ سینٹر سے ڈیوٹی مکمل کرکے وہاں سے گزر رہی تھی۔ ابو ریدہ نے موقع پر موجود ایک سعودی نوجوان کا غترہ لیکر زخمی ایشیائی کا خون بہنے سے روکنے کی کوشش کی۔ اسی کے ساتھ دل کی دھڑکن بحال کرنے کی کارروائی بھی کی۔ یہ سارا کام 20منٹ تک جاری رہا۔ اس دوران ہلال احمر کی ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ شحدہ کا کہناہے کہ ا س نے ایشیائی کے سر میں جو زخم دیکھا تھا اس سے اسے یہ یقین ہوگیا تھا کہ یہ انسان بچنے والا نہیں تاہم 37سالہ تجربے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس کی جان بچانے میں کامیابی مل گئی۔ ابتدائی طبی امداد او ر مرہم پٹی کے دوران میرے اطراف راہگیروں کا ایک مجمع لگ گیا تھا۔ مجھے اس کا احساس تک نہیں ہوا۔ میں فلسطینی شہری ہوں۔ میں نے اپنی زندگی سعودی عرب میں گزاری۔ گزشتہ سال میرا 39سالہ بیٹا ٹریفک حادثے میں اسی طرح زخمی ہوکر جان کی بازی ہار گیا تھا۔ میں ہمیشہ یہ کسک محسوس کرتی تھی کہ کاش جب میرا بیٹا زخمی ہوا تھا تو میں اس کے پاس ہوتی اور اسے بچا سکتی۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے اس کے بدلے میں ایک ایشیائی بیٹا دیا اور میں اس کی جان بچانے میں کامیاب رہی اور اس طرح مجھے ایسا لگا کہ جیسے میں نے اپنے بیٹے کو بچالیا۔
 
 

شیئر: