ریاض میں رنگا رنگ عید میلہ جاری ، شہریوں کی خوشیاں دوبالا
ریاض..... عید الفطر کے موقع پر اہالیان ریاض کی جانب سے شہر کی رونقیں دوبالا کرنے کےلئے رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ شاہراہوں کو خصوصی طور پر سجایا گیا ۔ سبق نیوز کے مطابق عید ملن پروگرام میں مسلح فورسز کے خصوصی دستوں نے بھی شرکت کی جبکہ ٹرکوںپر مملکت کی ثقافت کو اجاگر کرنے کےلئے مختلف فلوٹس کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ عید میلے میں قدیم گاڑیوں کی نمائش کا بھی خصوصی طور پربندوبست کیا گیا ہے جس میں شائقین خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ اسکولوں کے طلباءکی جانب سے رنگا رنگ ٹیبلوز اور ڈرامے پیش کئے گئے ۔ میلے کی انتظامیہ کی جانب سے ڈزنی لینڈ کے مختلف کارٹونز کے کاسٹیوم پہنے افراد نے بچوں کی دلچسپی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے ۔ کاسٹیومز میں ملبوس افراد میلے میں شرکت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے اور مٹھائیاں تقسیم کرتے رہے ۔ شہر کی بلدیہ کی جانب سے 3 ٹرکوں پر مختلف قسم کی فلوٹس بنائے گئے جن میں مملکت کے مختلف ثقافت کو اجاگر کیا گیا تھا ۔ فلوٹس پر ڈزنی لینڈ کے معروف کارٹونز کے کاسٹیوم میں پہنے ہوئے افراد بھی بیٹھے ہوئے تھے جو شرکاءکو دیکھ کر عید کی مبارک باد پیش کرتے رہے ۔ رنگا رنگ برقی قمقموں سے سجے فلوٹس پورے شہر میں کارنوال کی صورت میں گشت کر رہے ہیں ۔ اس ضمن میں اہالیان ریاض کا کہنا ہے کہ اس عید کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے رنگا رنگ پروگرام کا انعقاد مثالی ہے جس سے عید کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں ۔ پروگرامز میں پیش کئے جانے والے مزاحیہ ڈرامے سب سے زیادہ مقبول رہے جسے شائقین نے بے حد سراہا ۔ عید میلے میں خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ خواتین کی جانب سے مہدی لگانے کے متعدد اسٹالز لگائے گئے تھے جبکہ بچوں کےلئے فیس پینٹنگ کے اسٹالز کافی مقبول رہے ۔ مسلح افواج کے دستوں کے علاوہ مملکت کے روایتی لباس پہنے افراد نے بھی خصوصی مارچ پاسٹ کیا جسے لوگوں کے کافی سراہا۔ عید الفطر کے موقع پر اہالیان ریاض کاکہنا تھا کہ بلدیہ اور شہر کے دیگر اداروں کی جانب سے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں جو مبارک باد کے مستحق ہیں ۔